لندن (شوبز رپورٹر):اداکارہ ماہرہ خان کو برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کی جانب سے ’’عالمی سنیما میں نمایاں خدمات اور ثقافتی سفیر کے طور پر ان کے کردار‘‘ کے اعترف میں اعزاز سے نوازا گیا ۔ ماہرہ خان کو اعزاز دینے کے لئے برطانوی پارلیمنٹ کے ہاؤس آف کامنز میں تقریب منعقد ہوئی ،جس کی میزبانی ممبر پارلیمنٹ افضل خان نے کی ۔ تقریب کے انعقاد میں برطانوی دارالعوام میں مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین نے معاونت کی ۔برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے ثقافتی تبادلوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ماہرہ خان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر ایوارڈ کی تصویر شیئر کی ہے ، جس میں برطانوی دارالعوام کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کو دیئے جانے والے ایوارڈ پر تحریر ہے کہ اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں اور لگن کے ذریعے، غیر معمولی کہانیوں کو زندگی میں لائی ، دنیا بھر کے سامعین کو مسحور کیا اور گہری ثقافتی تفہیم کو فروغ دیا ہے اور اس اعتراف میں ان کو تفریح کی دنیا میں ایک ممتاز آئیکن کے طور پر یہ اعزاز دیا جا رہا ہے ۔اس موقع پر ماہرہ خان نے تقریب کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ ان کے خاندان اور اساتذہ نے ان کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی۔ انہیں یقین ہے کہ وہ اپنے اساتذہ، سرپرستوں، والدین، خاندان، دوستوں، ساتھیوں اور مداحوں کی مہربانیوں کے باعث آج اس مقام پر کھڑی ہیں۔اداکارہ نے مزید کہا کہ خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنی بیٹیوں اور دوسری خواتین کو سکھائیں کہ اگر وہ کامیاب ہوں تو ان کی تعریف کریں ۔