کراچی (رپورٹ: مرزاافتخار بیگ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 21روزہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول “ کے چوتھے روز اردو ڈرامہ ” ہیر رانجھا کی چار کہانیاں “ اے سی آڈیٹوریم II میں پیش کیا گیا، جس کے مصنف وسیم عزیز اور ہدایت کار وجیہہ وارثی تھے جبکہ ڈرامہ کی کاسٹ میں فرحان اعوان، سپنا غزل، شمیر راہی، اظہار بچا، وہاج وجیہہ، حوریہ قریشی، عبداللہ حمیر، قرة العین، ابیہا شہزاد، شبانہ سحر، عبداللہ سلیم، تائب جلال اور شہزاد جی شامل تھے ، ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ ہیر اپنی محبت کی تلاش میں نکلتی ہے اور اسے جدید دور کے ”رانجھا“ سے محبت ہو جاتی ہے، اس محبت کی کہانی میں ان کی شادی ہو جاتی ہے، مگر شادی کے بعد کے چھوٹے چھوٹے مسائل کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے، اس طرح اس کہانی میں مختلف نوعیت کی مشکلات اور چیلنجز کو نمایاں کیا گیا ہے جن کا سامنا آج کی خواتین کو ہوتا ہے، ڈرامے میں سنجیدگی کے ساتھ طنز و مزاح کا امتزاج شامل کیا گیا ہے جس سے کہانی مزید دلچسپ اور دل کو چھو لینے والی بن جاتی ہے،”ہیر رانجھا کی چار کہانیاں“ میں نہ صرف ایک رومانوی داستان کو بیان کیا گیا ہے بلکہ خواتین کی زندگی کے مختلف پہلووں، ان کی جدوجہد، محبت اور معاشرتی مسائل کو بھی دلچسپ انداز میں پیش کیا گیا ، ڈرامے میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فنکاروں کی اداکاری کو خوب سراہا اور تالیاں بجا کر خوب داد دی۔