بیجنگ (نمائندہ خصوصی)چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا ہے کہ پاکستان کی گوادر بندرگاہ پر ایک منصوبے میں شامل چینی افراد کے قافلے کو سڑک کنارے نصب بم حملے اور فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تاہم حملے میں چینی شہریوں کا جانی نقصان نہیں ہوا۔پیر کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق ترجمان نے کہا کہ چین دہشت گرد ی کی اس کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہے اور پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے واقعے کی تحقیقات کر کے مجرمان کو سخت سزا دے اور چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرے۔ وانگ وین بن نے اس بات پر زور دیا کہ چین دہشت گردی کے خطرات کی مشترکہ روک تھام اور ان کا جواب دینے اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، اداروں اور منصوبوں کی سلامتی کے موثر تحفظ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی اور چین پاک اقتصادی راہداری کی تعمیر کو نقصان پہنچانے کی کوئی بھی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔