شنگھائی(شِنہوا) پاکستانی جیولر احمد عقیل کو چین بین الاقوامی درآمدی نمائش (سی آئی آئی ای) میں شرکت کا چھٹی بار موقع حاصل ہوا ہے۔ اس مرتبہ وہ کلوور کی شکل کے زیورات کے 6 ڈیزائن لائے ہیں جو نمائشی مرکز کی ساخت کے مشابہ ہیں۔ "ہمارے کلوور کی شکل کے زیورات بہت مقبول ہیں۔”احمد عقیل کے زیورات کے برانڈ ’’وِنزا‘‘ نے سی آئی آئی ای کے ساتھ ترقی کی ہے۔ 2019 میں دوسرے سی آئی آئی ای میں حصہ لینے کے بعد انہوں نے شنگھائی کے مرکزی علاقے میں داوان ڈیپارٹمنٹ سٹور میں زیورات کی دکان کھولی۔احمد عقیل نے کہا کہ اس نمائش نے مجھے احساس دلایا کہ میری مصنوعات کی چینی منڈی میں بہت پذیرائی ہوئی، جس نے مجھے سٹور کھولنے کا اعتماد دلایا۔ مجھے یاد ہے کہ اس وقت ہمارا بوتھ کافی مقبول تھا۔ یہ نہ صرف صارفین میں گھرا ہوا تھا بلکہ دوسرے جیولرز کو بھی اپنی طرف متوجہ کر رہا تھا۔انٹرویو کے دوران احمد عقیل نے فخریہ انداز میں "ڈائمنڈ اینڈ جیم سٹون بوتیک پویلین سٹار” ایوارڈ دکھایا جو انہیں 2020 کے سی آئی آئی ای میں ملا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈ چین کے 5 نامور اداروں نے دیا ہے۔ اُس سال ہم یہ ایوارڈ جیتنے والی 300 کمپنیوں میں شامل تھے۔احمد عقیل کے آج شین یانگ اور شنگھائی دونوں شہروں میں سٹورز ہیں، جس میں 20 ارکان کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے چینی منڈی پر بہت اعتماد ہے اور میں 2025 میں بیجنگ میں ایک نیا سٹور کھولنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔ شنگھائی کے سٹور کی فروخت میں گزشتہ چند سالوں میں سالانہ 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔احمد عقیل کے مطابق حالیہ برسوں میں ہیروں کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ روبی اور نیلم کی قیمتوں میں اضافہ بھی ہوا ہے۔ نتیجتاً بہت سے صارفین اب منگنی کی انگوٹھی کے لئے روبی اور نیلم کا انتخاب کر رہے ہیں۔ دیوان میں دیگر زیورات کی دکانوں نے بھی ان قیمتی پتھروں کی اپنی پیش کشوں کو بڑھانا شروع کردیا ہے۔ پہلے صرف چند تاجر ہی انہیں فروخت کرتے تھے لیکن اب 20 فیصد دکانیں روبی اور نیلم فروخت کرتی ہیں۔ یہ ہمیشہ سے ہماری اہم مصنوعات رہی ہیں۔زیادہ سے زیادہ نوجوان صارفین کو راغب کرنے کے لئے احمد عقیل نے حال ہی میں 10 ہزار یوآن سے کم قیمت کی اشیاء پیش کرنا شروع کی ہیں۔ آج کل 25-35 سال کی عمر کے بہت سے گاہک ہر سال اپنی زیبائش کیلئے صرف ایک یا دو زیور خریدتے ہیں۔احمد عقیل کا پرچون کے علاوہ بنیادی کاروبار ہول سیل ہے اور سی آئی آئی ای نے انہیں متعدد زیورات کے تاجروں کے ساتھ رابطے کا موقع فراہم کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چین بین الاقوامی درآمدی نمائش ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔ یہ نہ صرف نمائش کے دنوں میں بلکہ کاروباری میل ملاپ کی سرگرمیوں کے ذریعے دیگر کئی شہروں کے لئے بھی اہم موقع ہے۔احمد عقیل نے کہا کہ مال منیجرز کو ہم سے ملاقات کے لئے اکٹھا کیا جاتا ہے جو ایک سہولت ہے، بصورت دیگر ہمیں انفرادی طور پر ہر سٹور کا دورہ کرنا پڑے گا۔ مزید برآں سی آئی آئی ای ہمیں نمائش کے کافی مواقع فراہم کرتا ہے، جس سے ہمیں اپنے برانڈ کو تیزی سے فروغ دینے میں مدد ملتی ہے۔