بیجنگ (نمائندہ خصوصی)چین نے کاروباری مقاصد کیلئے آنے والے غیر ملکی شہریوں کیلئے ویزا آن ارائیول کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔دیہی علاقے کے رہائشیوں کو بڑے شہروں میں آباد ہونے کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے گا۔وزارت پبلک سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ یہ آسانیاں شہریوں، گاڑیوں، معلومات اور ڈیٹا کی آزاد نقل و حرکت کو فروغ دینے کیلئے دی جا رہی ہیں۔کورونا وائرس ختم ہونے کے بعد حالیہ مہینوں میں چین کے ریئل اسٹیٹ شعبے میں بحران ہے۔جی ڈی پی شرح رواں برس کی پہلی سہ ماہی سے دوسری سہ ماہی تک صرف 0.8 فیصد بڑھ سکی ہے جبکہ نوجوانوں میں بےروزگاری کی شرح 20 فیصد ہوگئی ہے۔اس تمام صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت پبلک سیکیورٹی نے گزشتہ روز 26 نئے اقدامات کا اعلان کیا جس میں غیر ملکی کاروباری شخصیات کیلئے نئی ویزا پالیسی بھی شامل ہے۔چین میں تجارتی مذاکرات، نمائش، کانفرنس یا سرمایہ کاری کیلئے آنے والے افراد ایئرپورٹ پہنچ کر ویزا لے سکیں گے بشرط یہ کہ ان کے پاس ضروری دستاویزات موجود ہوں۔