پاکستان کی تاریخ کے ایک معروف بیوروکریٹ روئیداد خان آج 100 برس سے زیادہ کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کا کیرئیر جنرل ایوب خان سے لے کر جنرل ضیاء الحق تک کے دور پر محیط تھا، اور ذوالفقار علی بھٹو کی انتظامیہ کے دوران ان کا کردار متنازعہ تھا اور کچھ حلقے ان پر بھٹو کی حکومت کو کمزور کرنے کا الزام لگاتے ہیں، جبکہ دوسروں کا کہنا ہے کہ وہ ایک سرکاری ملازم کے طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے تھے۔
بھٹو کی حکومت کے خاتمے کے بعد، روئیداد خان کو وفاقی سیکرٹری داخلہ مقرر کیا گیا، وہ اس عہدے پر جنرل ضیاء کی موت تک فائز رہے۔ انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے نظام کی نگرانی کی، یہ ایک ایسا دھبہ تھا جسے وہ ساری عمر دھونے کی ناکام کوشش کرتے رہے۔
اپنے پورے کیرئیر کے دوران، ماسوائے ذوالفقار علی بھٹو کے دور کے، روئیداد خان نے بہترین پوسٹنگز حاصل کیں، بشمول سندھ میں زمین کی تقسیم کی نگرانی کے منصوبے کے، جس کے بارے میں کچھ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس نے غیر سندھیوں پر مشتمل سندھ میں جاگیرداری کی ایک ریاستی حمایت یافتہ شکل کو فروغ دیا۔ اس منصوبے کے تحت روئیداد خان کا مشن "زمین کو کالونائیز کرنا” تھا اور اسے نہری سیراب شدہ کھیتوں میں تبدیل کرنا اور اسے منتخب کاشتکاروں کو الاٹ کرنا تھا۔
خان کے پاس ان لوگوں کو 500 ایکڑ اراضی دینے کا اختیار تھا جو اُن کی نظر میں سنجیدہ کسان سمجھتے تھے۔ لیکن انھوں نے بہت سے ریٹائر ہونے والے سول اور ملٹری افسران کو نوازا اور پنجاب سے آباد کار کسانوں کو سندھ میں زمینیں تقسیم کیں۔
اس نے ایوب خان کی صنعتی پالیسیوں کو نافذ کیا، جن کے بارے میں کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ کرونی کیپٹلزم کا باعث بنی۔ خان نے خود اعتراف کیا کہ بیوروکریٹس، جو اقتدار میں فوج کے جونیئر شراکت دار تھے، نے 1965 کے صدارتی انتخابات میں جوڑ توڑ سمیت سیاسی انجینئیرنگ کی اور مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کو شکست دی۔
روئیداد خان کا اثر و رسوخ جنرل ضیاء الحق کے دور میں اپنی سروس کے دوران عروج پر تھا، جہاں انہوں نے افغانستان میں سوویت مداخلت کے دوران داخلی سلامتی اور انٹیلی جنس میں اہم کردار ادا کیا، ممکنہ طور پر انہیں خطے میں سی آئی اے کی سرگرمیوں کا علم تھا اور یہ بھی ممکن ہے کہ یہ ان سازشوں میں شامل بھی تھے۔
جنرل ضیاء کی پالیسیوں کے حامی کے طور پر، خان خفیہ اسٹیبلشمنٹ میں ایک اہم شخصیت تھے۔ افغانستان میں سویت یونین کی شکست کے بعد، وہ سیاست اور سول سروس سے ریٹائر ہوئے، اور ایک سیاسی تجزیہ کار بن گئے۔ ریٹائر ہونے سے پہلے، وہ جنرل ضیاء الحق اور غلام اسحاق خان کے ساتھ قریبی تعلقات کی وجہ سے پاکستان کے اعلیٰ ترین بیوروکریٹک عہدے پر فائز ہوئے۔
1990 میں، بے نظیر بھٹو کی حکومت کی برطرفی کے بعد، روئیداد خان کو احتساب کا وزیر نامزد کیا گیا اور وہ بےنظیر بھٹو اور آصف زرداری کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات بنانے میں ملوث تھے، جس کا مقصد بے نظیربھٹو کو انتخابات سے نااہل قرار دیا جانا تھا۔
ان متنازعہ باتوں کے باوجود، خان کے بعد کے سالوں کو ان کی ماحولیاتی وکالت اور شہری آزادیوں اور جمہوریت کے حامی کے طور پر پیش کیا گیا۔
ان کی سرگرمیوں کا اختتام پاکستان تحریک انصاف (PTI) کے ساتھ ان کی وابستگی پر ہوا۔ اس کے باوجود، "اسٹیبلشمنٹ” میں ان کے کردار کو یاد رکھنا بہت ضروری ہے جس نے سیاست پر اثر انداز ہونے اور ریٹائرمنٹ کے بعد بھی مرکزی بیوروکریٹک نظام کو برقرار رکھا۔
پاکستان کی موجودہ حالت، یعنی اس کے کمزور جمہوری ادارے، نوآبادیاتی طرز حکمرانی کا تسلسل، ناہموار ترقی، فوجی تسلط، اور سرد جنگ کے بعد سے امریکی مفادات کے ساتھ ہم آہنگ پالیسیوں کو جزوی طور پر اِس "اسٹیبلشمنٹ” سے منسوب کیا جا سکتا ہے جس سے روئیداد خان کا تعلق تھا۔ فوجی حکمرانوں اور غیر ملکی مفادات کے لیے روئیداد خان کی خدمات کو ان کی لیگیسی کا نمایاں پہلو سمجھا جائے گا۔