کراچی( رپورٹ: راؤ محمد جمیل) شہر قائد کے نامور صحافی اور صف اول کے سینئر ترین کرائم رپورٹر مخدوم عادل کو سیکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کردیا تفصیلات کے مطابق معروف اور ہر دلعزیز صحافی مخدوم عادل کو گذشتہ روز محمد شاہ قبرستان نارتھ کراچی میں سپرد خاک کردیا گیا قبل ازیں انکی نماز جنازہ سرجانی ٹاؤن سیکٹر فائیو ڈی میں واقع جامع مسجد دیار حبیب میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں جرنلسٹ ایکشن کمیٹی اور کرائم رپورٹر ایسوسی ایشن کے اہم رہنماؤں اور ممبران کے علاوہ صحافیوں ، کاروباری شخصیات ، عزیز واقارب کے علاوہ شہریوں نے بڑی تعدد میں شرکت کی تاہم صحافیوں کے ساتھ انکے دکھ سکھ میں روابط اور صحافیوں کے مسیحا کا کردار ادا کرنے کے دعوے دار کراچی یونین آف جرنلسٹ ، کراچی پریس کلب سمیت کسی صحافتی ادارے عہدیداروں سمیت کسی اہم صحافی رہنماء نے شرکت نہیں کی۔ کچھ صحافتی تنظیموں نے ایک بیان جاری کرکے اپنا ’’فرض‘‘ادا کردیا۔سینئر صحافی کی آخری رسومات میں شرکت نہ کرنا صحافتی حلقوں میں ان تنظیموں اور رہنمائوں کےدہرے رویے کا منہ بولتا ثبوت سمجھا جارہا ہے۔مرحوم کم وبیش 35 سال سے شعبہ صحافت سے وابستہ تھے وہ روزنامہ آغاز ، روزنامہ پبلک ، روزنامہ اوصاف ، روزنامہ کائنات ، روزنامہ کراچی سٹی ، روزنامہ فرسٹ نیوز اور خبریں کراچی سمیت دیگر اہم اداروں میں پیشہ وارانہ خدمات انتہائی دلجوئی اور دلیرانہ انداز میں ادا کرتے رہے اور ان دنوں وہ روز نامہ رفتار کراچی میں بطور ایڈیٹر انویسٹی گیشن وابستہ تھے۔ مرحوم طویل عرصے سے علیل تھے اور متعدد بار آغا خان اسپتال میں زیر علاج رہے تاہم آخری ایام تک شدید علالت کے باوجود اپنی صحافتی ذمہ داریاں مسلسل نبھاتے رہے۔ انکا سوئم آج پیر کے روز بعد نماز ظہر سرجانی ٹاؤن سیکٹر فائیو ڈی جامع مسجد دیار حبیب میں ہوگا۔ اس دوران قرآن خانی ، مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کیلئے خصوصی اجتماعی دعا بھی ہوگی ۔جرنلسٹ ایکشن کمیٹی نے عام صحافیوں ، دوست احباب اور دیگر سے شرکت کی درخواست کی ہے۔