کراچی( کامرس رپورٹر ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)کے صدر عرفان اقبال شیخ اور ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر عمر مسعود الرحمن نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ترکی اور شام کے سفارتخانوں کا دورہ کیا اور دونوں ممالک کے سفرا مہمت باچاچی اور ڈاکٹر رمیض الرائی سے ملاقات کی ۔جس میں متعدد جانوں کے ضیاع پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ اور نائب صدر عمر مسعود الرحمن نے ترکیہ اور شام میں حالیہ تباہ کن زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بڑے سانحہ سے پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور عوام کو شدید صدمہ پہنچا ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر نے دونوں ممالک کے سفراء کو پاکستان کی تاجر برادری کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور امداد کی بھی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر چھوٹا بڑا تاجر اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں ترکی اور شام کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ ترکی اور شام اس سانحے سے تیزی سے نکلیں گے اور مضبوط ہو کر ابھریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر جاں بحق افراد کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی اور تعزیتی کتاب میں پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی طرف سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔