لاہور (نمائندہ خصوصی) سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کو دنیا سے گئے ایک برس بیت گیا وہ 5فروری2023ءکو وفات پا گئے تھے ان کی تدفین کراچی میں کی گئی ۔پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کو جہان فانی سے رخصت ہوئے ایک برس بیت چکا ہے آج پیر5فروری کوان کی پہلی برسی ہو گی۔پرویز مشرف 11اگست 1943ءکو دہلی میں پیدا ہوئے، 1964 میں پاکستان کی بری فوج میں شامل ہوئے اور1965 اور 1971 کی جنگوں میں شرکت کی۔7 اکتوبر 1998 کو بری فوج کے چیف آف اسٹاف کے منصب پر فائز ہوئے وہ2001ءسے 2008ء تک پاکستان کے صدر کے منصب پر فائز رہے۔پاکستان کے سابق صدر اور پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل پرویز مشرف کی 5 فروری 2023 کو وفات سے ملکی تاریخ کا ایک اہم باب بند ہوگیا۔ بحیثیت پاکستان کے سربراہ انہوں نے متعدد فیصلے ایسے کیے جو غیرمعمولی نوعیت کے تھے۔ پرویز مشرف نے ”سب سے پہلے پاکستان “ کا نعرہ متعارف کرایا۔ان کی وفات کے دن یعنی 5 فروری کی پاکستان کی نظر میں ایک علیحدہ اہمیت بھی ہے۔ اس روز پاکستانی اپنے کشمیری بھائی بہنوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر یوم کشمیر مناتے ہیں۔ اس لحاظ سے ہر یوم کشمیر ملک کی اس اہم شخصیت کی بھی یاد دلاتا رہے گا۔