پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آفیشل ترانہ ‘آگے دیکھ’ دو روز قبل جاری کیا گیا جس میں گلوکار عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ پی ایس ایل 7 کے گانے میں عاطف کی اہلیہ سارہ بھروانا نے بھی اہم کردار ادا کیا؟
جی ہاں آفیشل ترانے کی ویڈیو میں عاطف اسلم کی اسٹائلنگ اور ان کا لُک سارہ بھروانا کی جانب سے ترتیب دیا گیا جس کا انکشاف عاطف اسلم نے خود اپنی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں کیا۔
عاطف اسلم نے اپنے لُک کی کچھ تصاویر شیئر کیں اور مداحوں کی جانب سے محبت کے اظہار پر شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ میری اسٹائلنگ سارہ نے کی ہے۔
View this post on Instagram
گلوکار نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ مجھے معلوم تھا کہ سارہ کے پاس ان سے شادی کے انتخاب کے علاوہ تمام فیشن سینس لاجواب ہے۔
اس سے قبل ترانے کے ریلیز ہوتے ہی صارفین نے جہاں آگے دیکھ میں عاطف اور آئمہ کی تعریف کی وہیں عاطف اسلم کی اسٹائلنگ اور لباس کے بھی خاصے چرچے رہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب عاطف اسلم نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے لیے ترانہ گایا ہے جب کہ ایونٹ کے آغاز کے 3 سیزنز میں علی ظفر نے آفیشل ترانے گائے تھے جو آج بھی مقبول ہیں۔