اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھارت کے غیر قانونی طورپرزیر قبضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام اور ان کے جائز حقوق کیلئے ایران کی واضح اور اصولی حمایت پر ایرانی قیادت کاشکریہ ادا کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شہبازشریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے ہمراہ اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے آواز بلند کرنے پرایرانی قیادت بشمول سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے موقف کا خیرمقدم کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ وادی کشمیر میںمظلوم کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں آپ (ایرانی صدر)اور ایران کے عوام کا کشمیر یوں کیلئے آوازبلند کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہیں یقین ظاہر کیاکہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھی اپنا حق خودارادیت حاصل کر لیں گے ۔ وزیراعظم نے مسئلہ فلسطین پربھی ایران کے موقف کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو مل کر مختلف عالمی فورموں پر فلسطینی عوام کی حمایت میں آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔