اسلام آباد:(مانیٹرنگ ڈیسک )
مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے جھوٹے بیانیے کو فروغ دینے کے لیے سچ کو مسخ کرنے اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ مقبوضہ علاقے میں سب اچھا ہے۔رپورٹ میں کہاگیا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں حالات معمول کے مطابق ہونے کے جھوٹے بیانیے کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل پروپیگنڈہ کر رہا ہے۔ بھارت مقبوضہ علاقے میں 5اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات کو جواز فراہم کرنے کے لیے سرمایہ کاری اور ترقی کا جھو ٹا بیانیہ پیش کررہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مسلسل نظربندیوں، کشمیریوں کے خلاف کالے قوانین کے استعمال، آئے روز چھاپوں اور محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں نے حالات معمول کے مطابق ہونے کے بھارت کے دعوے کو بے نقاب کیاہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں وکشمیرکو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں بنیادی انسانی حقوق مسلسل پامال کئے جارہے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت نے جموں و کشمیر کو دنیا کا سب سے زیادہ فوجی جمائو والا علاقہ بنادیاہے اور وہ یہ ظاہرکرنے کی کوشش کررہاہے کہ علاقے میں سب کچھ اچھاہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہاں سب کچھ معمول کے بالکل برعکس ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرکی حقیقی صورتحال کے حوالے سے دنیا کو گمراہ کرنے کے لیے ریاستی پالیسی کے طور پر جھوٹ بولنے کی بھارت کی ایک طویل تاریخ ہے اور عالمی برادری کو بھارت پر دبائو ڈالنا چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے دے۔ کشمیریوں کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا موقع فراہم کیاجانا چاہیے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کا قیام ممکن نہیں ہے۔