راولپنڈی۔21اپریل (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ، بلیک کیپس نے 179 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، مارک چیپمین نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے ، انہیں مرد میدان قرار دیا گیا ،اتوار کو سیریز کے تیسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا ، دونوں کے مابین 55 رنز کی شراکت قائم ہوئی ، صائم ایوب پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 22 گیندوں پر 32 رنز بنا کر ایش سودھی کی گیند پر جیمز نیشم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 5 چوکے شامل تھے ، 84 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب بابر اعظم 29 گیندوں پر 37 رنز بنانے کے بعد جیکب ڈفی کی گیند پر مائیکل بریسویل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ،محمد رضوان 23 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے ، انہیں ہیمسٹرنگ انجری کا سامنا کرنا پڑا ، عثمان خان تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 4 رنز بنا کر ایش سودھی کی گیند پر جیکب ڈفی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، شاداب خان نے 20 گیندوں پر 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے ، وہ جیکب ڈفی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ، عرفان خان نے 20 گیندوں پر 30 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے ، افتخار احمد 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے ،نیوزی لینڈ کی طرف سے ایش سودھی نے دو جبکہ جیکب ڈفی اور مائیکل بریسویل نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ، جواب میں نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف مارک چیپمین کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت 18.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، چیپمین نے 42 گیندوں پر 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا ، ان کی اننگز میں 4 فلک شگاف چھکے اور 9 چوکے شامل تھے ، دیگر بیٹرز میں ڈین فوکس کرافٹ 31 ، ٹم رابنسں 28 اور ٹم سیفرٹ 21 رنز بنا کر نمایاں رہے ، پاکستان کی طرف سے عباس آفریدی نے دو اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی ، مارک چیپمین میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔