پیروگیا۔(نمائندہ خصوصی ):خواتین صحافیوں کو اپنے کام کے دوران آن لائن زیادہ خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اے ایف پی کے مطابق اٹلی میں منعقدہ ایک بین الاقوامی کانفرنس پیروگیا انٹرنیشنل جرنلزم فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے انٹرنیشنل سینٹر فار جرنلسٹس کی ریسرچ ڈائریکٹر جولی پوسیٹی نے بتایا کہ خواتین صحافیوں کو اپنے کام کے دوران آن لائن زیادہ خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور یہ رجحان بڑھ رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آن لائن تشدد کے آف لائن نقصان تک بڑھنے کے قابل ذکر امکانات ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 2022میں یونیسکو/آئی سی ایف جے کی مشترکہ تحقیق میں 125 ممالک کے 900 صحافیوں کا انٹرویو کیا گیا جس کےدوران تقریباً تین چوتھائی خواتین صحافیوں نے کہا کہ انہیں اپنے کام کے سلسلے میں آن لائن تشدد یا بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ آن لائن حملوں میں صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو توہین، جنس پرست اور جنسی تبصروں سمیت جان سے مارنے کی دھمکیاں شامل ہیں۔