اسلام آباد/لاہور۔(نمائندہ خصوصی )وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے نوجوانوں کو اپنے اسلاف کی قربانیوں، انکی عظمت اور اپنی کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کے مطابق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 86 ویں یوم وفات پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج شاعر مشرق اور مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 86واں یوم وفات ہے۔ پوری قوم ان کے بلندی ء درجات کے لئے دعا گو ہے اور انہیں خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے اپنے افکار و تعلیمات میں امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا، نوجوان ان کی خصوصی توجہ کا مرکز تھے، انہوں نے نوجوانوں کو اپنے اسلاف کی قربانیوں، انکی عظمت اور اپنی کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ علامہ اقبال نے نوجوانوں کو جہد مسلسل کی تعلیم دی اور ان کو مسلمانوں کے تابناک ماضی سے سبق حاصل کرکے مستقبل میں علم و تحقیق کی منازل طے کرنے کی تلقین کیانہوں نے کہا کہ اقبال کا فلسفہِء خودی ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے۔ ان کے خودی کے فلسفے کو اپناتے ہوئے انسان کامل بنا جا سکتا ہے۔ ان کے فلسفے اور تعلیمات پر نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں آج بھی جدید جامعات میں تحقیق کی جارہی ہے، فارسی اور اردو زبانوں میں ان کا کلام اور تحریریں آج بھی پوری دنیا میں مقبول ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں کیلئے برِ صغیر پاک و ہند میں ایک علیحدہ ریاست کا خواب دیکھا جسے قائد اعظم اور مسلم لیگ کے دیگر رہنماؤں نے شبانہ روز محنت سے شرمندہء تعبیر کیا۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ علامہ اقبال کا پاکستان امن کا گہوارہ، سیاسی برداشت اور بھائی چارے کا پاکستان ہے ، اقبال نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں نوجوان تعمیری سوچ سے اس ملک کو ترقی کی بلندیوں پر لے جائیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام کے آخرمین کہا کہ آئیں مل کر آج کے دن یہ عہد کریں کہ ہم اقبال کے پاکستان کے حصول کیلئے دن رات محنت کریں گے۔