نئی دہلی:(نیوزڈیسک )
بھارت میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جس طرح بدعنوان لیڈروں کی حوصلہ افزائی کر کے بدعنوانی کو فروغ دے رہے ہیں، اس سے لگتا ہے کہ وہ خود کرپشن کا اسکول چلا رہے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک بیان میں کہاکہ نریندر مودی ملک میں کرپشن کا اسکول چلا رہے ہیں جہاں وہ ”کرپشن سائنس” کے موضوع کے تحت”چندے کا دھندہ”سمیت ہر باب خود تفصیل سے پڑھا رہے ہیں۔انہوں نے مودی حکومت کی بدعنوانی کے طریقہ کار کا انکشاف کرتے ہوئے کہاکہ چھاپوں کے ذریعے چندے بٹورے جاتے ہیں، عطیات لینے کے بعد ٹھیکے تقسیم کیے جاتے ہیں، بدعنوان لیڈروں کو واشنگ مشین سے گزارکر کلین چٹ دی جاتی ہے اورایجنسیوں کو ریکوری ایجنٹ بنا کر”بیل اورجیل”کا کھیل کھیلا جاتا ہے۔راہل گاندھی نے کہاکہ بی جے پی بدعنوان لوگوں کی آماجگاہ بن چکی ہے اوراس نے اپنے لیڈروں کے لیے اس”کریش کورس”کو لازمی قرار دیا ہے جس کی قیمت ملک کے عام لوگ ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ” انڈیا” اتحاد کی حکومت بدعنوانی کے اس اسکول پر تالا لگا کر اس کورس کو ہمیشہ کے لیے بند کر دے گی۔