اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )
تیسرا یورپی فلم فیسٹیول 15 مئی سے وفاقی دارالحکومت میں شروع ہوگا، جس میں سینما، ثقافت اور تنوع کا ایک دلچسپ امتزاج پیش کیا جائے گا۔اسلام آباد اور پاکستان بھر کے تین دیگر شہروں کے فلمی شائقین کو تیسرے یورپی فلم فیسٹیول میں یورپی سینما دریافت کرنے کا منفرد موقع ملے گا۔فلم فیسٹیول 15 مئی سے 28 مئی 2024 تک پاکستان کے چار شہروں بشمول اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور گجرات میں منعقد ہوگا۔یورپی فلم فیسٹیول سینما کا جشن ہے جو فلم سازوں، اداکاروں اور سنیما کے شائقین کو اکٹھا کرتا ہے۔ یہ پاکستانی ناظرین کو یورپی سنیما کی بھرپور اور متنوع دنیا کو دریافت کرنے اور جدید یورپی معاشروں کی تشکیل کرنے والے ثقافتی اور سماجی مسائل کی جھلک دیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔