اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن اور غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعل حسین ملک نے یاسین ملک سمیت غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنمائوں کی رہائی کیلئے مودی کی فسطائی بھارتی حکومت پر دبائوبڑھانے پر برطانوی ارکان پارلیمنٹ کی تعریف کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے ایک بیان میں یاسین ملک سمیت تمام کشمیری نظربندوں کی رہائی اور انکے خلاف تمام مقدمات واپس لینے کیلئے دبائو ڈالنے پر بارہ سے زائد برطانوی پارلیمنٹیرینز کاشکریہ ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیرکو ایک قتل گاہ اور ایذا رسانی کے بدترین مرکز میں تبدیل کر دیا ہے۔مشعال ملک نے مقبوضہ کشمیر میں اختلافی آوازوں کو دبانے کیلئے بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کو اجاگر کرنے پر بھی برطانوی پارلیمنٹیرین کی تعریف کی ۔انہوں نے کہا کہ جیل میں یاسین کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہے اور دنیا کی امن پسند اقوام کو انکی زندگی بچانے کیلئے اپنی آواز بلند کرنی چاہیے۔