کراچی (کرائم رپورٹر) لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں گاڑی پر خودکش دھماکا ہوا ہے، دھماکے میں دو افراد جاں بحق اور دو افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ایس ایس پی ملیر طارق مستوئی گاڑی پرخودکش حملہ ہوا ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں، واقعے میں زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق جس گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے اس میں غیر ملکی سوار تھے، دھماکے کے وقت فائرنگ بھی کی گئی۔پولیس کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو پائی ہے تاہم دھماکے میں زخمی ہونے والے دو افراد کی شناخت ہوگئی ہے دونوں سکیورٹی گارڈ تھے اور غیر ملکیوں کی حفاظت کیلئے ان کے ساتھ گاڑی میں موجود تھے۔پولیس کا کہنا ہے دھماکے کا نشانہ بننے والی غیر ملکیوں کی گاڑی کے قریب موٹرسائیکلیں بھی ملی ہیں، دھماکے کے نتیجے میں متاثرہ گاڑی کے اگلے حصے کو شدید
نقصان پہنچا ہے۔پولیس کے مطابق خودکش دھماکے کا نشانہ بننے والی وین میں کتنے غیر ملکی سوار تھے اس حوالے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں ہوئے خود کش دھماکے کے حوالے سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ سامنے آ گئی۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے مطابق دھماکے کی جگہ سے حملہ آور کے جسم کے مختلف اعضاء ملے ہیں، دوسرا حملہ آور موقع پر ہلاک ہو گیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سے بیگ برآمد ہوا ہے، جس سے 4 دستی بم، رائفل، گرینیڈ، 3 میگزین ملے ہیں۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد کے بیگ سے پانی کی بوتل اور پیٹرول کی بوتل بھی ملی ہے۔کرائم رپورٹر کے مطابق
کراچی کے علاقے لانڈھی میں آج صبح ہوئے خود کش دھماکے کا ایک زخمی دم توڑ گیا، جبکہ دوسرے زخمی کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق 45 سالہ سیکیورٹی گارڈ نور محمد وینٹی لیٹر پر تھا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
اسپتال انتظامیہ نے بتایا ہے کہ دوسرے زخمی سلمان کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے، جس
کی حالت تشویش ناک ہے۔
دوسری جانب سے ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر کا لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں ہوئے خودکش حملے کے حوالے سے کہنا ہے کہ سیکیورٹی تھریٹ کے باعث پولیس الرٹ تھی، خودکش حملہ آور کا سر اور جسم کے کچھ اعضاء ملے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہلاک کیے گئے دوسرے دہشت گرد کی فنگر پرنٹس کے ذریعے شناخت کی کوشش کی جائے گی۔
ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر کا کہنا ہے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں 1 دہشت گرد نےگاڑی کےقریب آ کر خود کو دھماکے سے اڑایا، دوسرے دہشت گرد نے گاڑی پر فائرنگ کی۔