نئی دلی:(مانیٹرنگ ڈیسک )
بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع منچیریال میں ہندوتوا بھگوا رنگ کالباس پہن کراسکول آنیوالے طلبا کوا سکول میں داخل ہونے سے روکنے پر مشتعل بلوائیوں نے اسکول پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی اورعملے کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق منگل کو شمالی تلنگانہ کے ضلع منچیریال کے گائوں کنی پلی کے سینٹ مدر ٹریسا انگلش میڈیم اسکول میں پیش آنے والے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے ۔اسکول میں امتحانات جاری تھے کہ پرنسپل نے بھگوا رنگ کا لباس پہن کر اسکول آنے والے طلبہ کو داخل ہونے سے روک دیا اورانہیں یونیفارم پہن کر آنے کا کہا ۔جس پر مشتعل ہندوتوا بلوائیوں نے اسکول پر دھاوابول کر توڑپھوڑ کی اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس نے ہندوتوا بلوائیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ پولیس واقعے کی ویڈیوز کی مددسے ملزمان کی شناخت کررہی ہے۔