اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی )صدر مملکت آصف علی زرداری نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی ، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کااعادہ کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے جاری جدوجہد میں کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی طرف مبذول کرائی ۔انہوں نے کہاکہ دفعہ370اور 35 اے کی منسوخی کشمیری مسلمانوں کو اپنے ہی وطن میں اقلیت میں بدلنے کی بھارتی حکمت عملی کا حصہ ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت کے تمام یکطرفہ اقدامات کو مسترد کرتا ہے اور بھارت سے مطالبہ کرتاہے کہ وہ 5اگست 2019اور اس کے بعد کئے گئے تمام غیر قانونی اقدامات منسوخ کرے ۔صدر آصف علی زرداری نے حق خودارادیت کے حصول تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی ، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کااعادہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کا حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی کنجی ہے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کواسرائیلی فوج کی جانب سے بے گناہ فلسطینیوں کے قتل اوربڑے پیمانے پر نسل کشی پرسخت تشویش ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان قابض اسرائیلی افواج کی کھلے عام بربریت کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کی۔