لاہور۔ (نمائندہ خصوصی )وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شیزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت آئی ٹی سیکٹر کو مزید ترقی ملے گی ،پاکستان عالمی سطح پر آئی ٹی کے شعبے میں لیڈر بننے جا رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک( آئی ٹی سی این) ایکسپو کا لاہور میں آغاز ہو گیا ہے جو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کا سب سے بڑا تجارتی میلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس و نمائش تین دن تک جاری رہے گی جس میں 6 سو سے زائد کمپنیاں جبکہ 100 سے زائد غیر ملکی مہمان شرکت کر ر ہے ہیں ، 55 ہزار سے زائد لوگ ایکسپو سنٹر لاہور میں سٹالز کا دورہ کریں گے جس کا مقصد پاکستان میں آئی ٹی کی مصنوعات کی بر آمدات کو بڑھانا ہے، یہ کانفرنس ہر سال پاکستان میں منعقد ہوا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں،حکومت ای سی او ممالک کو آئی ٹی مصنوعات برآمد کرنے کیلئے کوشاں ہے ،ہمیں قوی امید ہے کہ حکومت کی وضع کردہ پالیسیوں سے آئی ٹی سیکٹر کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر آئی ٹی کے شعبے میں لیڈر بننے کیلئے تیار ہے، جامع اور پائیدار بنیادوں پر معاشی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے،حکومت آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کے لئے بھر پور اقدامات کررہی ہے،پاکستان کو آئی ٹی حب بنائیں گے، پاکستان ڈیجیٹل کو آپریشن آر گنائزیشن(ڈی سی او)کا حصہ ہے ، ٹیکنالوجی پارکس میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے وزیر مملکت شیزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ شعبہ آئی ٹی دیگر شعبوں کی ترقی کا باعث بن رہی ہے،حکومت آئی ٹی کے شعبے کے لئے بھر پور اقدامات کررہی ہے،اس حوالے سے بجٹ میں وافر فنڈز رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکنالوجی پارکس میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کررہی ہے،سمارٹ فون،لیپ ٹاپ سمیت دیگر ڈیوائسز پاکستان میں تیار ہورہی ہیں اور جلد ہی انہیں برآمد بھی کریں گے-وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا شمار تین بڑے فری لانس ملکوں میں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سمارٹ ایپس اور ایکو سسٹم پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کیلئے روز گار اور ترقی کے مواقعوں میں مزید اضافہ ہو، وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت نا صرف ہزاروں نوجوانوں کو فری تربیت دی گئی ہے بلکہ انہیں سمارٹ فون اور لیپ ٹاپ کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے،ملک میں ایکو سسٹم کو فروغ دینے اورنالج بیسڈ اکانومی کی ترقی کیلئے اقدامات کررہے ہیں،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا وژن ہے کہ بزنسز کو سپورٹ کیا جائے کیونکہ ماضی میں نوجوانوں کو زراعت اور انڈسٹری کیلئے 60 ارب روپے کے قرضے دیئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر انو ویشن ایوارڈ کے تحت نوجوانوں کی مالی مدد کی جائے گی تاکہ وہ نوکریاں لینے کی بجائے بطور بزنس مین نوکریاں دینے والے بن سکیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی پر کو ئی سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا جبکہ ڈیٹا پروٹیکشن اور سائبر سکیورٹی تھریٹ کے حوالے سے قانون سازی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مس اور ڈس انفارمیشن بہت بڑا مسئلہ ہے جس کی روک تھام کیلئے جو بھی قانون بنائیں گے اس میں آزادی اظہار رائے کا خیال رکھا جا ئے گا ۔وزیر مملکت نے کہا کہ ڈیجیٹل آر ٹیفیشل انٹیلیجنس پر کام ہو رہا ہے، سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی و معاشی حالات بہتر ہیں، ملک استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، آئی ٹی کے شعبہ میں تیزی سے گروتھ ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا دورہ سعو دی عرب انتہائی کامیاب رہا اور اس دورے سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہو گا جبکہ اس دورہ کے بعد سعودی وفد کی عید کے اگلے روز پاکستان آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام آ رہا ہے ۔اس موقع پر ڈی سی او کی سیکرٹری جنرل مس دیما الیحییٰ نے کہا کہ پاکستان بالخصوص لاہور میرا دوسرا گھر ہے، یہاں کے نوجوان بڑے ٹیلنٹڈ ہیں جن میں ترقی کرنے کیلئے بے حد پوٹینشل اور انرجی ہے،پاکستان آنے کا مقصد سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان میں آئی ٹی کی ترقی کیلئے ہر ممکن مد د کریں گے۔