کراچی ( نمائندہ خصوصی) پی آئی اے سوسائٹی گلستان جوہر میں کروڑوں کے گھپلے؛سیکشن آفیسر نے سیکرٹری کوآپریٹو سوسائٹیز کے نام سے جعلی نوٹیفیکیشن نکال کر ایڈمنسٹریٹر تعینات کر دیا –
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے پی آئی آے سوسائٹی میں ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کے خلاف کیس میں میں سابقہ سیکریٹری کوآپریٹو سوسائٹیز بدر جمیل میندرو کو طلب کر رکھا تھا- انہوں نے کورٹ کو بتایا کہ انہوں نے ایڈمنسٹریٹرز تعیناتی کو کوئی نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا ہے – سماعت کے دوران معلوم ہوا کہ سیکشن آفیسر”محمد مراد "نے سیکرٹری کے نام سے جعلی نوٹیفیکیشن نکالا ہے- عدالت نے چیف سیکرٹری کو فوری انکوائری کا حکم دے کر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایات کر دیں- واضح رہے کہ مذکورہ ایڈمنسٹریٹرز سوسائٹی کی اربوں روپے کی زمین مبینہ طور پر جعل سازی سے فروخت کر چکا ہے – جس میں مبینہ طور پر ایک سیاسی جماعت کے رہنما، شادی ہال مالکان اور چند سوسائٹی ممبرز بھی شامل ہیں جنہوں نے مالی فوائد حاصل کئے ہیں- اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک شادی ہال کا مالک ایک ہزار گز کا کرایہ پانچ ہزار روپے بھی دے رہا ہے- عدالت نے کیس کی کاروائی پچیس اپریل تک موخر کر دی-