راولپنڈی (اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ قومی ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ، عماد وسیم اور محمد عامر کے آنے سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے ۔ گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز بہت اہمیت کی حامل ہے ، وہ اپنے اسکواڈ سے مطمئن ہیں ، پاکستان کے پاس بہترین بیٹر ، بائولر اور آل راؤنڈر موجود ہیں ، عماد وسیم اور محمد عامر کی شمولیت سے ٹیم مزید مضبوط ہوئی ہے ،انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نئے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے مگر وہ ڈومیسٹک کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں اور ان کا ریکارڈ اچھا ہے، ٹی 20 کرکٹ میں کوئی بھی ٹیم کمزور نہیں ہوتی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل 12 اہم میچز ہیں، بیٹنگ اور باؤلنگ کے پلان پر کام جاری ہے ، کھلاڑیوں کو کہا ہے کہ 6 جون کو پہلا ورلڈ کپ کا میچ کھیلیں تو ہمارا بہترین اسکواڈ ہو، پاکستان کے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو مستقبل میں بڑے ریکارڈ بنا سکتے ہیں ، ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ روٹیشن پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے پلیئنگ الیون بنائی جائے گی،اظہر محمود نے کہا کہ انہیں عامر جمال کا کھیل بہت پسند ہے ، وہ بہت باصلاحیت ہیں اور مستقبل کے بڑے آل راؤنڈر ثابت ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی ، نسیم شاہ اور عباس آفریدی سے بہت امیدیں وابستہ ہیں، شاہین آفریدی سپر فٹ ہے اور ان کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، فٹنس کیمپ سے متعلق سوال پر سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ کاکول کی فٹنس سے سب مطمئن ہیں ، واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 18 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔