اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام برطانوی پارلیمنٹ میں منعقدہ ایک کانفرنس میں اس تشویش کا اظہا ر کیا۔لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ برطانوی پارلیمنٹرینز نے بھی غیر قانونی طور پر نظر بند لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کے حق میں آواز بلند کی، جنہیں بھارت کی انتہا پسند بی جے پی حکومت کے حکم پر عدالت نے ایک جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔کانفرنس میں شریک 12 سے زائد برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے یاسین ملک کے علاوہ بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طورپر قید تمام سیاسی نظربندوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا ۔لیڈز ایسٹ سے رکن پارلیمنٹ رچرڈ برگون نے کانفرنس کی صدارت کی ۔ برطانوی ارکان پارلیمنٹ بشمول الیکس سوبل، اینڈی میکڈونلڈ، ری چل ہاپکنز، خالد محمود، محمد یاسین، جان میکڈونل، اسٹیفن ٹمز، عمران حسین، محترمہ ناز شاہ، مارگریٹ گرین ووڈ، سیم ٹیری، ٹین ڈھیسی ، طاہر علی اور جے کے ایل ایف کے رہنمائوں نے شرکت کی اور خطاب کیا ۔ کانفرنس میں لبریشن فرنٹ کے عہدیداروں اور دیگر سیاسی نمائندوں کی ایک بڑی تعدادنے بھی شرکت کی ۔ مقررین نے اس موقع پر مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں فوری بند کرانے پر زوردیا۔ انہوں نے اس حقیقت کا بھی اعتراف کیاکہ تنازعہ کشمیرکشمیری عوام کے حق خودارادیت کا مسئلہ ہے۔