سرینگر:(مانیٹرنگ ڈیسک )پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیرکو ایک جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں کسی کو بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے پلوامہ میں صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کہاکہ انہوں نے جبری خاموشی ، گرفتاریوں اور مقبوضہ کشمیرمیں گھٹن کے ماحول کے خلاف آواز بلند کرنے کیلئے اپنی انتخابی مہم کا آغازکیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پورے جموں وکشمیر کوایک جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ کسی کو بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہاکہ جب سے لو ک سبھا انتخابات کا اعلان ہوا ہے گرفتاریوں کاسلسلہ تیز کر دیاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں شوپیاں میں ایک ٹورسٹ گائیڈ کو گولی مار کر قتل کردیاگیا۔ تاہم انہوں نے مزید کہاکہ اس کا ہرگزیہ مطلب نہیں ہے سینکڑوں نوجوانوں کو گرفتار کرلیاجائے ۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ صرف شوپیاں اور پلوامہ اضلاع کی صورتحال مخدوش نہیں بلکہ پورے مقبوضہ علاقے میں خوف ماحول قائم ہے ۔