ناگپور(نیٹ نیوز ):بھارت میں لوک سبھا انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی کے سربراہ ملکارجن کھڑگے نے حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی سے ملک میں جمہوریت کو خطرہ لاحق ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملکارجن کھڑگے نے ناگپور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگرغلطی سے بی جے پی دوبارہ اقتدار میں آئی تو آئین اور جمہوریت کو تباہ کردے گی اور دوبارہ انتخابات نہیں ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس ملک کے آئین کو بچانے کی جنگ لڑ رہی ہے۔ کانگریس کی لڑائی مودی اور بی جے پی سے نہیں بلکہ اس ملک کے آئین کو بچانے اور جمہوریت کو برقرار رکھنے کیلئے ہے۔ کانگریس چاہتی ہے کہ سب کو یکساں مواقع ملیں اور سب متحد رہیں۔انہوں نے اپوزیشن کے 23لیڈروں کی بی جے پی میں شمولیت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لیڈر اس وقت ہی بدعنوان تھے جب تک کہ وہ بی جے پی میں شامل نہیں ہوئے ۔ کانگریس سربراہ نے کہاکہ مودی جی نے ان لیڈروں کو دھماک کر بی جے پی میں شامل کروایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں مودی جی چور کہتے تھے آج وہ انکی گود میں بیٹھے ہیں ۔