اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )یاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما، سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں، ان کی ساکھ ختم ہو گئی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہاکہ آئین کو بدلنے کی کوششیں اعلیٰ عدالت سے مسترد کی جا رہی ہیں، سیکریٹری الیکشن کمیشن بھی استعفیٰ دیں۔شیریں مزاری نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر چاہتے ہیں کہ آئین کو بدل دیا جائے، وہ آئین کو بیک ڈور سے بدلنا چاہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن نہیں کرا سکتا، سپریم کورٹ اس کے خلاف ایکشن لے، چیف الیکشن کمشنر کی عزت اسی میں ہے کہ وہ خود استعفیٰ دیں۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 5 مخصوص نشستوں کو فوری نوٹیفائی کیا جائے، الیکشن کمیشن نوٹیفکیشن پر بیٹھا ہوا ہے۔سابق وزیر اسد عمر نے کہاکہ الیکشن کمیشن اور دوسرے اداروں کی کوشش ہے کہ پنجاب میں غیر آئینی حکومت کو بچایا جائے۔اسد عمر نے کہا کہ پنجاب میں غیر آئینی حکومت ختم ہونے کے دن آگئے ہیں۔پی ٹی آئی کے رہنما و سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن تک بات گئی تو بھی حمزہ کی حکومت نہیں رہے گی۔