اورماڑہ:(نمائندہ خصوصی) اتوار کی صبح اورماڑہ اور گردونواح کے علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث شہر کے مختلف مقامات پر بارش کا پانی جمع ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔جبکہ شدید بارشوں کے باعث اورماڑہ کے علاقے مشرقی جونالین میں ندی کنارے واقع آبادی شدید متاثر ہوئی ہے۔دھول و سرنائی کے نام سے مشہور ندی میں ریلے گزرنے کے سبب ندی کنارے آباد لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔خیال رہے اتوار کی صبح مکران کے ساحلی علاقے پسنی اور اورماڑہ میں شدید بارشوں نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔جبکہ شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مکران کوسٹل ہائی وے پر پرنسز آف ہوپ کے مقام پر زیرِ تعمیر پل کا متبادل راستہ سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے کوسٹل ہائی وے پربھی ٹریفک کی روانی مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔پرنسز آف ہوپ کے مقام پر متبادل راستہ سیلابی ریلے کی نذر ہونے سے سندھ مکران سفر کرنے والے مسافر شدید دشواریوں اور مصائب سے دوچار ہیں۔