کراچی(نمائندہ خصوصی)وزیر صحت و بہبود آبادی سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی موجودگی میں محکمہ صحت سندھ اور پی پی ایچ آئی کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔معاہدے کے تحت پی پی ایچ آئی سندھ کے 76 صحت مراکز میں صحت کی سہولیات کو یقینی بنائے گی۔ایم او یو کے مطابق پی پی ایچ آئی کی طرف سے کراچی کے ملیر ضلع کے 34 صحت مراکز کو فعال بنایا جائے گا۔فعال ہونے والے مراکز میں رورل ہیلتھ سینٹرز، بیسک ہیلتھ یونٹ، گورنمینٹ ڈسپینسریز، چائیلڈ اینڈ میٹرنل ہیلتھ سینٹرز شامل ہیں۔پی پی ایچ آئی جامشورو کے 23 صحت مراکز میں سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے گی۔جامشورو کے فعال ہونے والے صحت مراکز میں جھانگارا، وڈا چھچھر، بھان سعیدآباد اور علاقوں کے صحت مراکز شامل ہیں۔اس کے علاوہ سندھ دیگر اضلاع کے 19 صحت مراکز کو فعال بنایا جائے گا۔ملیر ضلع کے گجرو، گھگھر، ابراہیم حیدری، لانڈھی، ریہڑی، درسانو چھنو، گڈاپ، مراد میمن، سونگل اور دیگر علاقوں کے صحت مراکز کو فعال بنایا جائے گا۔خیال رہے کہ پی پی ایچ سجاول، ٹنڈوالہیار، ٹنڈو محمد خان، عمر کوٹ، میرپوخاص، خیرپور، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، نوشہروفیروز، دادو، قمبر اور دیگر اضلاع کے رورل ہیلتھ سینٹرز میں بھی صحت کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت قاسم سومرو، پی پی ایچ آئے کے سربراہ جاوید جاگیرانی اور دیگر بھی موجود تھے۔