اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات، پروفیسر احسن اقبال 28 مئی کو کوالالمپور میں منعقد ہونے والے اے پی او گورننگ باڈی کے اجلاس میں باقاعدہ طور پر شرکت کریں گے اور ایشین پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن (اے پی او ) کا’ قابل ستائش اور ممتاز ایوارڈ 2024′ باضابطہ طور پر وصول کریں گے ۔ یہ ایوارڈ پورے ایشیا پیسیفک میں ان افراد کو دیا جائے گا جنہوں نے پیداواری صلاحیت میں بہتری کے لیے اہم کردار ادا کیا اور پاکستان کے لئے یہ اعزاز ہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا اس ممتاز ایوارڈ کے لئے انتخاب کیا گیا ہے۔اے پی او قومی پالیسی مشاورتی خدمات کے ذریعے اپنے اراکین کی سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دیتے ہوئے ایک تھنک ٹینک کے طور پر کام کر رہا ہے جبکہ یہ ادارہ جاتی صلاحیت بڑھانے کے اقدامات اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ پر بھی کام کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ احسن اقبال نے چوتھی مرتبہ وزارت منصوبہ بندی کا چارج اس سال مارچ میں سنبھالا ہے، پہلی بار 1997 میں انہوں نے وزیر منصوبہ بندی کا قلمدان سنبھالا اور 1999 تک یہ ذمہ داری سر انجام دی، پھر (2013-2017) تک اس منصب پر تعینات رہے اور اس کے علاوہ وہ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن آف پاکستان بھی رہے جبکہ یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام (چیمپئن منسٹر) فار ایشا پیسفک میں بھی اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ اسکے علاوہ انہیں پاکستان چین اکنامک کوریڈور (سی پیک) کا منصوبہ شروع کرنے، اسے فروغ دینے اور چین کے ساتھ اشتراک کار میں میں انہیں چینی حکومت کی جانب سے مسٹر سی پیک کا لقب بھی دیا جا چکا ہے۔ایشین پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن کے ‘ قابل ستائش اور ممتاز ایوارڈ 2024’ کی باقاعدہ تقریب ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں اے پی او کی گورننگ باڈی کے 66 ویں اجلاس کے دوران 28-30 مئی 2024 کے دوران منعقد کی جائے گی جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اپنا ایوارڈ وصول کریں گے جو پاکستان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے شاندار کیریئر میں متعدد منصوبے 2010 اور 2025 کے دوران شروع کئے گئے جن میں سی پیک کا سب سے بڑا منصوبہ،5 ایز فریم ورک، 4 آر ایف، سی پیک کے 5 اکنامک کوریڈور ، نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس، انفراسٹرکچر کے متعدد منصوبے جن میں ایم ایل ون ریلوے لائن کا سب سے بڑا منصوبہ، کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ، گوادر میں بجلی، پانی،سڑکوں، ہسپتالوں سمیت متعدد منصوبے شامل ہیں ۔واضح رہے کہ اے پی او ان ایوارڈ یافتہ افراد کے علم اور تجربے سے فائدہ اٹھانے کے لیے وقف ہے تاکہ مستقبل کی پیداواری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے، جس سے اے پی او ممبران کے درمیان سیکھنے، اختراعات اور تعاون کو فروغ ملے گا۔دیگر افراد جن کو ایوارڈ دیئے جائیں گے ان میں چائنا پروڈکٹیوٹی سینٹر کے صدر ڈاکٹر پائو چینگ چانگ، چیئرمین امراٹس آف لارسن اینڈ ٹوبرو لمیٹڈ انیل کمار، ڈپٹی منسٹر وزارت کامرس لا پی ڈی آر، ڈاکٹر ویرا، ڈاکٹر بوونتھیونگ ڈوانگ ساونہ، حاجی امیر علی میدین، مینیجنگ ڈائریکٹر مائیڈن محمد ہولڈنگز برہاد؛ اور دیگر شامل ہیں۔