لاہور ( بیورو رپورٹ ) الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے دوران انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا فیصلہ کر لیا۔ پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے بیس حلقوں میں ضمنی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران سے حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی تفصیلات مانگ لیں جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا بھی فیصلہ کیاگیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن پرلاہور میں اعلیٰ سطح کا اجلاس بلانے کابھی فیصلہ کیا ہے جس میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبران سمیت سیکیورٹی حکام شریک ہونگے، اجلاس میں ضمنی الیکشن کےلئے سیکیورٹی پلان فائنل کیا جائیگا۔پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں کےلئے 50 لاکھ بیلٹ پیپرزشائع ہوں گے، 3129 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے جبکہ کل 45 لاکھ 79 ہزار 943 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرینگے۔