کراچی(نمائندہ خصوصی )اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے دسویں روز صبح کی شفٹ میں سائنس پری میڈیکل کا بوٹنی پرچہ اول، سائنس جنرل کا اکنامکس پرچہ اول اور ہوم اکنامکس کا میل مینجمنٹ اینڈ فوڈ پریزرویشن جبکہ دوپہر کی شفٹ میں کامرس ریگولر اور کامرس پرائیویٹ گروپس کے اردو نارمل پرچہ دوم، اردو آسان پرچہ دوم، اردو (NMT) پرچہ دوم، ہسٹری اینڈ کلچر آف پاکستان پرچہ دوم اور سندھی پرچہ دوم لیے گئے۔ ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ نے رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ کالج اسٹیڈیم روڈ، خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز کالج اسٹیڈیم روڈ، ایس ایم گورنمنٹ سائنس کالج شاہراہ لیاقت اور گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج بلاک ایم نارتھ ناظم آباد کا دورہ کر کے امتحانی عمل کا جائزہ لیا اور مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا۔ گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج بلاک ایم نارتھ ناظم آباد میں تاخیر سے پہنچے والی طالبات کو امتحانی مرکز میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا،اسی دوران ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ بھی امتحانی مرکز پہنچے جہاں انہوں نے تاخیر سے آنے والی طالبات کو تنبیہ کی کہ اس دفعہ تو انہیں امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دی جارہی ہے آئندہ کسی پرچہ میں تاخیر سے پہنچیں تو انہیں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔چیئرمین انٹربورڈ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کی ہدایت پر سینئر پروفیسرز پر مشتمل ویجی لینس ٹیموں نے بھی مختلف امتحانی مراکز کا دورہ امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں ویجی لینس آفیسرز کی طرف سے امتحانات کے دوران نقل کے 03کیسز رپورٹ کیے گئے۔