اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی ہفتے کو پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے۔وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کے عید الفطر کے موقع پر پاکستان کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کی دورے کی باضابطہ دعوت پر 10 اپریل کو پاکستان پہنچے تھے۔بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا بھر میں اسلام کے حقیقی تشخص کو فروغ دینے کے لیے ڈاکٹر العیسیٰ کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔انہوں نے مسلم امہ کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے، دنیا بھر میں مسلم مقاصد کی وکالت کرنے اور امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پیغام کو پھیلانے میں مسلم ورلڈ لیگ کے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا۔اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے مضبوط برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ عقیدے، مشترکہ اقدار اور ثقافت پر مبنی ہیں۔‘وزیر اعظم پاکستان نے سیکریٹری جنرل کو مسلم ورلڈ لیگ کے ساتھ پاکستان کی مسلسل حمایت اور شراکت داری کی یقین دہانی کرائی ہے۔بیان کے مطابق مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے وزیر اعظم کے عزم اور کوششوں کی تعریف کی۔رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ ہفتے کو اسلام آباد میں سیرت نبوی کے بارے میں آگاہی اور نسل نو میں حضرت محمد کی تعلیمات کے فروغ کے لیے تعمیر ہونے والے سیرت میوزیم کے سنگ بنیاد کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ 15 اپریل تک پاکستان میں ہی رہیں گے۔اس سے قبل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے جمعرات کی شب اسلام آباد کے ایک بڑے یتیم خانے کا دورہ بھی کیا تھا جہاں انہوں نے بچوں کے ساتھ عید منائی۔جبکہ رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے اسلام آباد کی فیصل مسجد میں عید الفطر کا خطبہ بھی دیا تھا۔