لاہور( نمائندہ خصوصی) بیساکھی میلے کی تقریبات کے سلسلے میں بھارت سے چوبیس سو سے زائد سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے۔ یاتریوں کو پاکستان ریلویز کے اعلیٰ حکام نے واہگہ ریلوے اسٹیشن پر خوش آمدید کہا۔ سکھ مہمانوں کو سپیشل ٹرینوں کے ذریعے حسن ابدال روانہ کر دیا گیا ہے۔ تقریباً ایک ہفتہ کے قیام کے دوران سکھ یاتری اپنے مذہبی مقدس مقامات پر اظہارِ عقیدت کے لیے بھی حاضری دیں گے۔سکھ مہمانوں کی آمد کے موقع پر ریلوے سٹاف کو انتظامات کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی دی گئی تھیں۔ پاکستان ریلویز کی جانب سے سکھ یاتریوں کے لیے ٹکٹ کے حصول اور ریزرویشن کے لیے مرد و خواتین کے الگ الگ کاؤنٹرز بنائے گئے تھے۔ سکھ مہمانوں نے پاکستان ریلوے کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ نے ڈویژنل سپرنٹینڈنٹس کو سکھ مہمانوں کے لیے سفری سہولیات کو یقینی بنانے کیلیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے ڈویژنل سپرنٹینڈنٹس پاکستان ریلویز کو ہدایت کی ہے کہ مہمانوں کی آمد و رفت کے اوقات پر سختی سے عمل کروایا جائے، سہولیات اور آرام دہ سفر کے معاملے میں کسی طرح کی کوئی کمی نہ آنے دی جائے۔ریلوے ذرائع کے مطابق واہگہ ریلوے اسٹیشن پر سکھ یاتریوں کا بلا معاوضہ سامان اٹھانے کیلیے ریلوے انتظامیہ نے قلیوں کو بھی ڈیوٹی پر مامور کیا تھا۔ سکھ یاتریوں کیلیے چلائی جانے والی سکھ اسپیشل ٹرینوں سے پاکستان ریلویز کو تقریباً 23 ملین روپے آمدن ہو گی۔