اسلام آباد۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے بونیر میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے بونیر میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر ان کی پذیرائی کی اور کہا کہ بونیر میں پاک فوج کے بہادر جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے ملک دشمنوں کو جہنم واصل کیا، مجھ سمیت پوری قوم وطن کے بہادر جوانوں کی جرات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے ۔ وزیر اعظم نے آپریشن کے دوران حوالدار مدثر محمود اور لانس نائیک حسیب جاوید کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے شہدا کیلئے مغفرت اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ وطن کی مٹی کے لئے بیٹوں کی لازوال قربانیاں پوری قوم کیلئے فخر کا باعث ہیں، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔