اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )۔وزیراعظم محمد شہباز شریف (آج) ہفتہ کو سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں آگاہی اور نسل نو میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کے فروغ کیلئے تعمیر ہونے والے سیرت میوزیم کے سنگ بنیاد کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔تقریب میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم آل عیسیٰ بھی خصوصی مہان کی حیثیت سے شرکت کریں گے اور تقریب سے خطاب کریں گے۔سیرت میوزیم میں نبی آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ پاک کے مختلف مراحل اور سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں کا مشاہدہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کیا جا سکے گا۔وزیراعظم تقریب میں کم سِن (دس برس کی عمر سے کم) اور ایسے حفاظ جو قرآنِ حکیم کے حفظ کے ساتھ ساتھ اس کی ترتیب اور آیات کے حوالوں پر مکمل مہارت رکھتے ہیں، کو انعامات سے نوازیں گے۔تقریب میں وزیرِ اعظم خوبصورت اور منفرد لہجوں میں تلاوتِ قرآن پاک کرنے والے قارئین کی بھی انعامات سے پذیرائی کریں گے۔