اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کو ملکی مسائل کا ادراک ہے ، ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر عید ملن پارٹی میں شریک شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عید ملن پارٹی کی تقریب کا اہتمام کیاگیاجس میں سول سوسائٹی کے نمائندگان ، وکلاء ، سیاسی عمائدین اور کارکنوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے سیاسی کارکنوں اور عمائدین نے عید ملی اور انہیں عید کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت ملکی مسائل سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی ملتان کی ترقی کیلئے کوشاں رہا آئندہ بھی ملتان کی ترقی کیلئے کردارادا کرتا رہوں گا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے مقامی تاجروں کو یقین دلایا کہ ملتان میں خصوصی اقتصادی زون قائم کئے جائیں گے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ملتان کو ترقی ملے گی۔