کراچی۔(نمائندہ خصوصی ):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے عید الفطر کی نماز گلشن جناح ( اولڈ پولو گرائونڈ) میں ادا کی ۔ عید الفطر کی نماز میں مختلف ممالک کے سفارتکار ،میئر کراچی مرتضٰی وہاب، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،عمائدین شہر اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی، ملک کی ترقی و خوشحالی اور فلسطین کے مسلمانوں کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔بعد ازاں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پوری پاکستانی قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے یہ عید پوری قوم کے لئے خوشی، مسرت اور شادمانی کا باعث ہوگی، آئیے اس عید پر عہد کریں کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنی بھرپور کوشش کریں گے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پوری قوم شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب سے 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی ، جبکہ متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک سے بھی سرمایہ کاری کے معاہدے ہورہے ہیں۔ایس آئی ایف سی امن و امان کو اپنے ذمہ لے،صوبہ میں ایک ہفتہ میں امن آجائے گا اور صوبہ آئی ٹی کا صوبہ بن جائے گا۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ حیدرآباد،سکھر،لاڑکانہ اور دیگر مقامات پر جلد آئی ٹی کلاسز شروع ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے عوام کے لئے کھلے ہیں، ڈلیوری رائیڈرز کو دو دن مزید عیدی اور راشن دیا جائے گا، سب سے کہتاہوں آئیں عوام کی فلاح و بہبود کا معاہدہ کرتے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ 2لاکھ 80 ہزار افراد نے گورنر ہائوس میں اس رمضان المبارک میں افطار کیا اور ایک لاکھ 80ہزار نے سحری کی۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ افواج پاکستان ہمارا فخر ہیں،کینٹ کو ہمیں اپنا ٹینٹ سمجھنا چاہیے کیونکہ یہ ہر مشکل وقت میں ہماری مدد کرتا ہے، قدرتی آفات ہوں یا کوئی اور مشکل ، افواج پاکستان ہمیں سب سے پہلے موجود ملتی ہیں۔