کوئٹہ۔(نمائندہ خصوصی )وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے آبائی علاقے بیکڑ ضلع ڈیرہ بگٹی میں عید الفطر کی نماز ادا کی، انہوں نے عمائدین، علماء اور علاقائی لوگوں کے ہمراہ ملک اور صوبے کی سلامتی ،خوشحالی اور ترقی کے لئے دعائیں کیں اورلوگوں سے عید ملے ، انہیں عید کی مبارکباد دی ، اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عید خوشی کا تہوار ہےہمیں غریب افراد اور ان شہداء کو نہیں بھولنا جنہوں نے عوام کے تحفظ اور بحالی امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،وزیر اعلیٰ عید گاہ میں لوگوں میں گھل مل گئے اور بزرگ افراد اور عام شہریوں سے گلے ملے، لوگوں نے عید کی مبارک باد کے ساتھ ساتھ انہیں اپنے مسائل کے متعلق بھی آگاہ کیا جس پر وزیر اعلیٰ نے موقع پر موجود افسران کو شہریوں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی، بیکڑ میں میر سرفراز بگٹی کی رہائش گاہ کے دروازے عید الفطر کے روز عوام کے لئے کھلے رہے جہاں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی فرداً فرداً ہر شخص سے ملے ، انہوں نے بیکڑ کے علاقے قلندری میں سماجی شخصیت مقدم سید خان نوہکانی کی وفات پر ان کے لواحقین سےتعزیت کا اظہار کیا ، وزیر اعلیٰ نے عیدالفطر کا پورا دن اپنے علاقے کے عوام کے ساتھ گزارا ۔