واشنگٹن( نیٹ نیوز)امریکا نے پاکستان، چین، روس سمیت دیگر ممالک کی 36 کمپنیوں کو تجارتی بلیک لسٹ میں شامل کردیا ہے۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ امریکا نے گزشتہ روز روس، متحدہ عرب امارات، لتھوانیا، پاکستان، سنگاپور، برطانیہ، ازبکستان اور ویتنام سمیت دیگر ممالک سے 31 اضافی اداروں کو بلیک لسٹ میں شامل کیا، تاہم شامل کردہ کل 36 کمپنیوں میں سے 25 نے چین میں کام کیا۔بلیک لسٹ میں شامل کرنے کی وجہ امریکا نے یہ بتائی ہے کہ ان ممالک کی کمپنیوں نے روسی فوج اور روسی دفاعی صنعت کی مدد کی ہے۔ادھرامریکی محکمہ تجارت نے کہا کہ 24 فروری کے حملے سے قبل ان کمپنیوں نے روسی اداروں کو اشیا فراہم کی تھیں۔بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ آج کا فیصلہ دنیا بھر کے اداروں اور افراد کو ایک طاقتور پیغام بھیجتا ہے کہ اگر وہ روس کی حمایت کرنا چاہتے ہیں تو امریکا ان سے رابطہ منقطع کر دے گا۔