کراچی(ایجوکیشن رپورٹر )وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اللّٰہ بخش یونیورسٹی آف آرٹ ڈیزائن اینڈ ہیرٹیج جامشورو کی وائس چانسلر ڈاکٹر اربیلا بھٹو کو یونیورسٹی آف صوفی ازم اینڈ ماڈرن سائنس بھٹ شاہ کے وائس چانسلر کے عہدے کا اضافی چارج دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ صوفی یونیورسٹی بھٹ شاہ کی وائس چانسلر ڈاکٹر پروین منشی کی دوسری مدت بھی مکمل ہوگئی تھی۔تلاش کمیٹی نے 14 فروری کو سندھ میں وائس چانسلر کی تلاش کیلئے قائم کمیٹی نے یونیورسٹی آف صوفی ازم اینڈ ماڈرن سائنسز بھٹ شاہ کے وائس چانسلر کے عہدے کیلئے تین امیدواروں کا انتخاب کرلیا تھا۔پہلے نمبر پر نوابشاہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ارشد سلیم دوسرے نمبر پر ٹیکنیکل یونیورسٹی خیر پور کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مدد علی شاہ اور تیسرے نمبر پر سندھ یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر امام الدین کھوسو کو رکھا گیا تھا۔تاہم ان تینوں کا معاملہ سیکیورٹی کلیئرنس کی نذر ہوگیا اور تاحال کئی ہفتے گزرنے کے باوجود سیکیورٹی کلیئرنس نہ مل سکی جس کی وجہ سے ڈاکٹر اربیلا بھٹو کو صوفی یونیورسٹی کا اضافی چارج دینا پڑا ہے۔