اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عیدالفطر صرف خوشیاں منانے کا ہی دن نہیں، ہمدردی، اتحاد، خیرات کرنے کا ایک اچھا موقع بھی ہے، فلسطین، غزہ میں اسرائیلی افواج کے مظالم کا سامنا کرنے والے اپنے بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھیں۔ منگل کو وفاقی وزیر قانون و انصاف نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں پر مسرت دن پر پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔وزارت قانون کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ عید الفطر صرف خوشیاں منانے کا ہی دن نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے لئے ہمدردی، اتحاد سے کام لینے اور خیرات کرنےکا بھی ایک اچھا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیں ہم عید کی خوشیاں مناتے ہوئے پسماندہ اور ناداروں کو یاد کریں اور ضرورت مندوں کی دل کھول کر ایسی مدد کریں جو ہمدردی کے اس جذبے کی عکاسی کرتی ہو جو ہمیں اسلام نے بتائی ہے۔اس موقع پر ہم اپنے ان بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھیں جو فلسطین، غزہ میں اسرائیلی افواج کے مظالم کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس مشکل وقت میں ہمارے خیالات اور دعائیں ان کے ساتھ ہیں اور ہم ان کے منصفانہ مقصد کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بطور امت مسلمہ جغرافیائی سرحدوں یا ثقافتی اختلافات سے قطع نظر، اس مشکل وقت میں ہم سب اپنے عقیدے اور اپنی مشترکہ اقدار کی وجہ سے متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہوں، ایک دوسرے کا ساتھ دیں اور مشترکہ بھلائی کے لیے کام کریں۔ اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے دعا کی کہ بے حد رحیم و کریم اللہ تعالٰی ہم سب پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے اور ہم سب کی اتحاد، امن اور خوشحالی کی طرف رہنمائی فرمائے۔