اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم نے پاکستان اور قطر کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کی مضبوطی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آلثانی نے ٹیلی فون کیا اور دونوں رہنمائوں نے عید کے پر مسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور قطر کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کی مضبوطی پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔وزیرِ اعظم نے اس امر پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت، سرمایہ کاری اور متعلقہ شعبوں میں تعاون کے فروغ کی وسیع استعداد موجود ہے۔ وزیرِ اعظم نے قطر کے وزیرِ اعظم کو پاکستان قطر باہمی تعاون کے فروغ کیلئے جلد پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ قطری وزیرِ اعظم نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور انکی دعوت کو قبول کر لیا۔