اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سید یوسف رضا گیلانی کو چئیرمین سینٹ اور سیدال خان ناصر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباددی ہے اوران کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے مؤثر قانون سازی میں بھر پور کردار ادا کریں گے ۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم نے نو منتخب چئیرمین سینٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ سینیٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کےانتخابات جمہوری عمل کا تسلسل ہیں، امید ہے کہ آپ آئین کی سربلندی اور ملکی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ آپ عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے مؤثر قانون سازی میں بھر پور کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اکائیوں کی مضبوطی اور جمہوری اقدار کی پاسداری کیلئے سینیٹ کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔