اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں عیدالفطر کی مبارکباد کا تبادلہ کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے عید الفطر کے پر مسرت موقع پر پاکستان اور ترک عوام کے لئے امن، خوشحالی اور اتحاد کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ بنیادی قومی مفادات پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطین میں قیام امن پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے صدر اردگان کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کی دعوت دی۔ اس دورہ سے سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کا ساتواں اجلاس بھی منعقد ہونے کے امکانات روشن ہو جائیں گے ۔