اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماراجہ پرویز اشرف نے پاکستانی شہریوں میں دہشت گرد کاررائیوں سے متعلق بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کو اس معاملے پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنا چاہیے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت دنیا کا واحد ملک ہے جہاں پاکستان دشمنی پر مبنی انتخابی مہم چلائی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر دفاع کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت کو بھارتی وزیر دفاع کے اعترافی بیان پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنا چاہیے۔راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ مودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت بھارت میں آئندہ عام انتخابات میںشکست کے خوف میں مبتلا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارتی ابھینندوں کو ناقابل فراموش سبق سکھانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وزارت خارجہ کو بھارتی وزیر دفاع کے اعترافی بیان کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانا چاہیے۔