امپھال:(مانیٹرنگ ڈیسک )شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں پولیس نے مختلف اضلاع سے 247افراد کوگرفتار کیا ہے ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پولیس نے ریاست کے حساس اور دشوار گزار علاقوں میں چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران247افراد کو تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کی خلاف ورزی پرگرفتارکیاہے ۔پولیس کے مطابق ریاست کے تمام حساس علاقوں میں بھارتی فورسز کو بڑے پیمانے پر تعینات کیا گیا ہے اور مختلف اضلاع میں125چوکیاں اور چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔ادھر منی پور میں گیارہ ماہ قبل شروع ہونیوالے پرتشدد واقعات کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور تشدد سے متاثرہ ہزاروں لوگ آج بھی عارضی کیمپوں میں مقیم ہیں ۔ریاست میں لوک سبھا کے انتخابات کیلئے دو سیٹوں پرمرحلہ وار انتخابات کا اعلان کیاگیا ہے پہلے مرحلے میں 19اپریل اوردوسرے مرحلے میں 26 اپریل کو ووٹنگ ہو گی۔ تاہم کیمپوں میں مقیم لوگوں نے لوک سبھا انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ”ہم کیوں ووٹ دیں، ہمارے لیے انتخابات بے معنی ہیں ۔”ان کاکہناہے کہ انتخابات میں ووٹ دینے کے حق سے پہلے زندہ رہنے کا حق ضروی ہے اور ووٹنگ سے زیادہ امن و امان کی اہمیت ہے، لہذا وہ ووٹ نہیں ڈالیں گے۔متاثرہ افراد نے مزید کہا کہ حکومت عزت کے ساتھ جینے کے انکے حق کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے ۔ بیشتر افراد کاکہناتھاکہ انکی آنکھوں کے سامنے انکے گھروں کو جلادیا گیااوروہ بے گھر ہو کر آج ریلیف کیمپوں میں مقیم ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ اس جگہ کے نمائندے کو ووٹ کیوں دوں جو اب انکے ہے ہی نہیں۔ یہ سب ڈرامہ ہے اورانتخاب ان کیلئے کوئی معنی نہیں رکھتا۔