کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ اسپورٹس کلچر کو فروغ دے کر اخوت و محبت کے رشتے مضبوط کئے جا سکتے ہیں،دنیا بھر میں کھیلوں کے ذریعے امن اور مفاہمت کی پالیسی اختیار کی جاتی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹر نیشنل اولمپک کمیٹی اور اقوام متحدہ کے تحت منائے گئے ”پیس تھرو اسپورٹس ڈے“کے موقع پر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے تحت کراچی میں منعقدہ سادہ و پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت،جوائنٹ سیکریٹری اصغر بلوچ،شگفتہ احمد،عبدالحمید،غلام یاسین،ندیم خان،کاشف فاروقی اور دیگر بھی موجود تھے،شرکا تقریب نے دنیا بھر میں امن کی علامت سفید کارڈ لہرا کر کھیلوں کے ذریعے امن اور مفاہمت کا پیغام عام کیا۔امتیاز احمد شیخ نے مزید کہا کہ پیش تھرو اسپورٹس ڈے منانے کا مقصد صرف ایک دن کے لئے امن اور آپس میں بھائی چارے کے فروغ کی بات کرنا نہیں،بلکہ اسے اپنی زندگی کا مستقل جز بنانے کے عزم کا نام ہے،کھیلوں سے منافقت ختم کر کے ہی اہم اولمپک چارٹر کے تحت کھیل اور کھلاڑی کی حقیقی معنوں میں خدمت کر سکتے ہیں۔ایس او اے کے سیکریٹری احمد علی راجپوت کا کہنا تھا کہ آج کے دن کی مناسبت سے ہمیں دنیا کو پیغام دینا ہوگا کہ پاکستان میں اب امن امان کی صورت حال بہترین ہے،پاکستان کوبھی اب ماضی کی طرح بڑے انٹر نیشنل ایونٹس کی میزبانی ملنی چاہئے کیونکہ یہاں کے لوگ بھی کھیلوں کے شیدائی ہیں اور اپنے گراؤنڈز پر بین الاقوامی کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے متمنی ہیں،انہوں نے تقریب میں شریک تمام اسپورٹس شخصیات کا شکریہ ادا کیا۔