اسلام آباد: پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت نے دوبارہ دراندازی کی کوشش کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق خواجہ آصف نے بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ راج ناتھ سنگھ اپنی انتخابی مہم کی وجہ سے شیخی بگھار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں پاکستان پر براہ راست حملہ کرنے کی جرات نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ 2019میں پاکستان نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو خیرات کے طور پر واپس کر دیا تھا۔ بھارت کو وہی ملے گا جو اسے ماضی میں ملا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی دہشت گردی بین الاقوامی سطح پر بے نقاب ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے خالصتان تحریک کے سکھ رہنما کو کینیڈا میں قتل کر دیا۔ پاکستان میں دہشت گردی کا تعلق بھی بھارت سے ہے۔انہوں نے کہا کہ فوجی برتری کے بارے میں بھارت کے کھوکھلے دعوے پہلے ہی بے نقاب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کی ہماری خواہش کو کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے۔